اڈپی، 20؍ دسمبر (ایس او نیوز) اپنی سگی بیٹی کی دو مرتبہ عصمت دری کرنے کا الزام ثابت ہونے ہونے پر ڈسٹرکٹ ایڈیشنل اینڈ سیشنس کورٹ کی جج یرمال کلپنا نے مجرم باپ کو عمر قید اور جرمانہ کی سزا سنائی ۔
بتایا جاتا ہے کہ مئی 2020 میں 41 سالہ ملزم باپ نے اپنی 14 سالہ بیٹی کی عصمت دری اس وقت کی تھی جب گھر پر کوئی بھی موجود نہیں تھا ۔ اس نے بیٹی کو دھمکی بھی دے رکھی تھی کہ اگر یہ بات کسی کو بتائی تو وہ اسے جان سے مار ڈالے گا ۔
متاثرہ لڑکی نے پڑوسیوں کی مدد سے اپنی ماں کو فون کرکے یہ سارا واقعہ بتایا ۔ پھر لڑکی کی ماں نے ویمنس پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس کے بعد پوکسو ایکٹ کے تحت کیس دائر کرکے ملزم باپ کو گرفتار کیا گیا ۔ اُس وقت کے سرکل پولیس انسپکٹر سی کرن نے معاملہ تحقیقات کرکے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ عدالت میں سماعت کے دوران متاثرہ لڑکی ، اس کی ماں اور پڑوسی کی شہادت کی بنیاد پر معاملہ ثابت ہوگیا اور جج نے عمر قید کے علاوہ 25 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ۔ عدالت نے سرکاری فنڈ سے متاثرہ لڑکی کو 5 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔ پوکسو کورٹ کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر وائی راگھویندرا نے استغاثہ کے لئے پیروی کی ۔